دسپور، یکم جون (ایس او نیوز /ایجنسی) ریمل طوفان کے سبب ہونے والی طوفانی بارش سے آسام سیلابی صورتحال سے جوجھ رہا ہے۔ ریاست کے ۹؍ اضلاع کے تقریباً ۲؍لاکھ افراد بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ۲۸؍ مئی سے اب تک تقریباً۶؍ افراد کی موت بھی ہو چکی ہے۔ ریاست کا ۳؍ہزار ۲۸ء۸؍ ہیکٹیر فصل والا علاقہ غرقاب ہو گیا ہے، جبکہ۲؍لاکھ۳۴؍ہزار سے زائد مویشی متاثر ہوئے ہیں۔ کئی مقامات میں برہمپتر اور براک ندیوں کے ساتھ ساتھ ان کی معاون ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔
معلوم ہوکہ گردابی طوفان ریمل کے سبب ناگاؤں، کریم گنج، ہیلاکانڈی، مغربی کاربی آنگلونگ، کچھار، ہوجائی، گولاگھاٹ، کاربی آنگلنگ اور دیما ہساؤ ضلع بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ میگھالیہ کے لمسلم علاقہ میں زوردار بارش کے سبب قومی شاہراہ۶؍ کا۲۰؍ میٹر حصہ بہہ گیا ہے۔ اس وجہ سے کچھار، کریم گنج اور ہیلاکانڈی ضلعوں کا ریاست کے دیگر حصوں اور شمال مشرقی علاقوں سے سڑک رابطہ ٹوٹ گیا ہے اور کئی گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ سیلاب کے سبب سب سے زیادہ ایک لاکھ ۱۲؍ہزار۲۴۶؍افراد کچھار میں متاثر ہیں، جبکہ کریم گنج میں ۳۷؍ہزار، ہوجائی میں ۲۲؍ہزار۵۸؍ اور ہیلاکانڈی میں ۱۴؍ ہزار ۳۰۸؍ لوگ متاثر ہیں۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق براک وادی اور دیما ہساؤ کے چار اضلاع میں معمولات زندگی ٹھپ ہو گیا ہے۔ جمعرات کو دیگر متاثرہ ضلعوں سے رک رک کر بارش اور آندھی کی خبریں آئی ہیں۔ کریم گنج، کچھار اور ہیلاکانڈی ضلعوں میں براک ندی اور اس کی معاون ندیاں، مثلاً لونگئی، کشیارا، سنگلا اور کٹکھال کئی مقامات پر خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ اس سے لگاتار آبی سطح بڑھ رہی ہے۔ اب بھی کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔